اسلام آباد(ویب ڈیسک) ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق افغانستان کے شہر جلال آباد میں واقع پاکستانی قونصلیٹ کے باہر دھماکا ہوا ہے۔ دھماکے کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوگئے۔ ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کے مطابق دھماکا آئی آر ڈی تھا۔افغان حکام سے قونصل خانے اور عملے کی ہر ممکن سکیورٹی یقینی بنانے کے لئے رابطے میں ہیں۔
یاد رہے کہگزشتہ سال 30 اگست 2018 میں افغانستان میں پاکستانی سفارتخانے نے سیکیورٹی انتظامات پر مداخلت پر جلال آباد کا قونصل خانہ عارضی طور پر بند کردیا تھا۔
پاکستانی سفارتخانے سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا تھا کہ صوبہ ننگرہار کے گورنر حیات اللہ حیات کی جلال آباد کے قونصل خانے کے سیکیورٹی سمیت مختلف امور میں بے جا مداخلت افسوسناک اور 1963 کے ویانا کنونشن کی مکمل خلاف ورزی ہے۔
سفارت خانے نے گورنر کی بے جا مداخلت کو روکنے کے لیے افغان وزارت خارجہ سے رابطہ کیا تھا اور قونصل خانے کی سیکیورٹی بحال کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
بعد ازاں 08 اکتوبر 2018 کو افغان حکام کی جانب سے فول پروف سیکیورٹی کی یقین دہانی کے بعد پاکستان نے جلال آباد میں قائم اپنا سفارت خانہ کھول دیا تھا۔