لاہور(نمائندہ خصوصی) وہ کھلاڑی کسی بھی ٹیم کا قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں جو مشکل کی گھڑی میں پرفارم کرتے ہیں ۔بلاشبہ وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان بھی وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلی عثمان بزدار کی ٹیم کا انتہائی قیمتی سرمایہ ہیں جو کورونا جیسے موذی مرض کے دوران اپنے فرائض منصبی بخوبی سرانجام دے رہے ہیں اور انکی شاندار پرفارمنس تمام وزراء پر سبقت لے چکی ہے ۔موجودہ دور انفارمیشن کا دور کہلاتا ہے اور بلاشبہ وہ جماعت ،حکومت ،ملک کامیابی سے ہمکنار ہوتے ہیں جو انفارمیشن کی دوڑ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں ۔
کورونا وائرس نے جب سے پاکستان میں سر اٹھایا انفارمیشن کا ایک طوفان برپا ہوگیا ،صحیح اور غلط معلومات کی تمیز جاتی رہی ۔ایسے میں مستند اور حقائق پر مبنی معلومات کی فراہمی نہایت ضروری تھی ،جس کا بیڑہ وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے اٹھایا۔ مشکل کی گھڑی میں صوبائی وزیر اطلاعات نے اس قدر سنجیدگی ،جانفشانی اور دن رات کی تمیز کیے بغیر عرق ریزی سے سر انجام دیا کہ پوری قوم عش عش کر اٹھی ۔وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار بھی اپنی ٹیم کے اہم کھلاڑی کی کارکردگی پر نازاں ہیں ۔فیاض الحسن چوہان تمام صوبوں کے وزراء سے سب سے زیادہ سرگرم ہیں اور مستند معلومات لمحہ بہ لمحہ قوم تک پہنچانے کا مشن بھی بخوبی سر انجام دے رہے ہیں ۔
میڈیا نمائندوں کو رائے درکار ہو،ٹی وی چینلز کے لائیو پروگرامات میں شرکت کرنی ہو یا پرنٹ میڈیا کالمز،خبروں کی صورت میں معلومات شیئر کرنا ہوں ،فیاض الحسن چوہان ہمہ وقت فرنٹ لائن پر موجود ہوتے ہیں ۔انشاءاللہ قوم کی دعاوں سے وطن عزیز جلد کورونا کیخلاف جنگ جیتے گا مگر ابھی تک معلومات کی دنیا میں فیاض الحسن چوہان کورونا کیخلاف یہ جنگ جیت چکے ہیں اور وہ حکومتی نمائندوں میں سب سے زیادہ کورونا کیخلاف فرنٹ لائن پر لڑنے والے حکومتی نمائندے بن چکے ہیں۔اگر دوسرے وزراء بھی فیاض الحسن چوہان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ملک و قوم کی خدمت کا بیڑہ اٹھائیں تو انکی نیک نامی میں اضافہ ہوگا۔