لاہور کے علاقے اچھرہ میں ایڈوکیٹ کے گھر سے 14 سالہ ملازمہ کی پھندہ لگی لاش ملی ہے۔ پولیس نے لاش کو تحویل میں لیکر تفتیش شروع کردی ہے۔
پولیس کے مطابق چودہ سالہ مبین ڈیڑھ ماہ سےقبل ایڈوکیٹ چودھری منظور کے گھر میں کام کر رہی تھی۔ آج مالک مکان کے کمرے میں مبین کی پھندہ لگی لاش دیکھ کر پولیس کو اطلاع ملی جس پر کارروائی کرتے ہوئے لاش کو تحویل میں لے لیا گیا۔ مبین کی والدہ نے الزام عائد کیا کہ میری بیٹی کو قتل کیا گیا ہے۔گزشتہ رات مجھے ایڈوکیٹ نے فون کیا کہ آپکی بیٹی کی حالت ٹھیک نہیں اسے آکر لے جائیں۔ میں بیٹی کو لینے ایڈووکیٹ کے گھر گئی تواس نے بتایا کہ مبین نے خودکشی کرلی ہے۔ والدہ نے وزیراعلیٰ پنجاب سے اپیل کی ہے کہ اسے انصاف دلایا جائے اور قاتلوں کو پکڑکر کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ لاش کو پوسٹ مارٹم کےلیے مردہ خانے منتقل کردیا ہے رپورٹ کے بعد اصل حقائق سامنے آئیں گے۔