مردہ مرغیوں کا گوشت انتہائی مضر صحت ہے ا ور مختلف خطرناک بیماریوں کا باعث بن سکتا ہے۔ہمیں عوام کو ان خطرناک بیماریوں سے بچانا ہے، رحمان ملک
اسلام آ با د : چئیرمین قائمہ کمیٹی برائے داخلہ سینیٹر رحمان ملک نے اسلام آباد میں مردہ مرغیوں کے گوشت کی فروخت کا نوٹس لیتے ہوئے انتظامیہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے، ایک بیان میں سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ اخباری رپورٹس کے مطابق اسلام آباد میں مردہ مرغیوں کا گوشت فروخت ہورہا ہے، مردہ مرغیوں کو ضائع کرنے کے بجائے کاٹ کر گوشت کی صورت میں فروخت کیا جا رہا ہے، سینیٹر رحمان ملک نے سیکرٹری داخلہ، چیف کمشنر و ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو ہدایت کی ہے کہ وہ 8 جولائی کو قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میںآکر کمیٹی کو اس حوالے سے بریفنگ دیں اور مردہ گوشت بیچنے والوں کیخلاف سخت کاروائی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ یہ بھی شکایات ہیں کہ جانور اور مرغیاں باقاعدہ ذبح بھی نہیں کئے جارہے ہیں۔انہوںنے کہا مردہ مرغیوں کا گوشت انتہائی مضر صحت ہے ا ور مختلف خطرناک بیماریوں کا باعث بن سکتا ہے۔ہمیں عوام کو ان خطرناک بیماریوں سے بچانا ہے۔