لاہور(کرائم رپورٹر) لاہور کے علاقے برکی میں ناکے پر موجود پولیس اہلکاروں سے بدتمیزی اور گالیاں دینےوالے ملزم کو دھر لیا گیا۔ ملزم نے موٹر سائیکل روکنے پر پولیس اہلکاروں سے بدتمیزی کی اور گالیاں دیں جس کی موبائل ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید نےواقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملزم کی فوری گرفتاری کا حکم دیا۔ جس پر ایس ایچ او برکی نے ملزم کو فوری گرفتارکرلیا۔ملزم کی شناخت فخر اسلام کے نام سے ہوئی ہے۔
ملزم کے خلاف تھانہ برکی میں مقدمہ درج کرکے اسےحوالات میں بند کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم فخرالسلام گاﺅں نتھوکی کا رہائشی ہےاورٹھیکداری کا کام کرتا ہے۔ملزم نے چند روز قبل برکی پولیس کی حدود میں لگے ناکے پر پولیس اہلکاروں سے بدتمیزی کی تھی۔
سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہےقانون شکن عناصر سے آڑے ہاتھوں نمٹا جائے گا۔ پولیس کورونا کی جنگ میں فرنٹ لائن سولجر کا کردار ادا کر رہی ہے، ایسا رویہ قابل مذمت ہوگا۔سی سی پی او نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ دوران لاک ڈاﺅن شہری ناکوں پر کھڑے پولیس ملازمین سے تعاون کریں۔