وزیر اعظم کی مشیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ ن لیگ کی ڈوبتی کشتی کو سہارا دینے کے لیے مریم صفدر نے ٹیپ کا سہارا لیا، ویڈیو کو دیکھا جائے گا کہ کیا وہ اصلی ہے یا ٹیمپرڈ، اس ٹیپ کی فرانزک کے بعد سب سامنے آ جائے گا۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ٹیپ کو لے کر مریم صفدر نے آج بھونڈی کوشش کی ہے، ایک قابل عزت ادارے کو داغ دار کرنے کی کوشش کی ہے، مریم صفدر آڈیو ٹیپ کو میڈیا کو بیچنا چاہتی تھیں، جس کے بارے میں ٹیپ ہے اس سے پوچھے بغیر بات چیت کو ٹیپ کرنا غیر قانونی ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ ویڈیو میں جج اور مختلف اداروں کی باتوں کو دیکھا جائے گا، ٹیپ کی فرانزک کے بعد سب سامنے آ جائے گا، حکومت قوم سے کوئی چیز نہیں چھپائے گی، ہماری حکومت میں غنڈوں نے سپریم کورٹ کے ججز کو بھاگنے پر مجبور نہیں کیا، ججز کی کرسیاں توڑنے والی جماعت آج ٹیپ کا ذکر کر رہی ہے، یہ ٹیپ عدالتوں میں لے جائیں اور اپنی بے گناہی ثابت کر دیں۔