پشاور: ہائی کورٹ نے پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی کو رجسٹرڈ نہ ہونے والے موبائل بند کرنے سے روک دیا۔
تفصیلات کے مطابق پشاور ہائی کورٹ نے موبائل فون بندش کے خلاف کیس میں پی ٹی اے کو نان رجسٹرڈ موبائل بند کرنے سے روک دیا ہے، عدالت نے ٹیلی کمیونی کیشن ادارے کو مزید 3 ماہ نان رجسٹرڈ فون بند نہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ تین مہینے تک موبائل فون بند نہ کیے جائیں۔
نان رجسٹرڈ فون بندش کے خلاف موبائل ڈیلرز نے پشاور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔
اپریل میں اسلام آباد میں بھی چیف جسٹس ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے کمپنیز کی جانب سے غیر رجسٹرڈ موبائل کی بندش میں توسیع کا مطالبہ درست قرار دیتے ہوئے پی ٹی اے سے تحریری جواب طلب کیا تھا۔
دوسری جانب آل پاکستان موبائل فون ٹریڈرز ایسوسی ایشن نے پی ٹی اے کی جانب سے موبائل فونز کی بندش کے خلاف ملک بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال اور احتجاج بھی کیا۔
ڈیلرز کا کہنا تھا کہ انکا معاشی قتل عام کسی صورت قابل قبول نہیں ہے، بڑی کمپنیوں کے مفادات کی خاطر عام ڈیلرز کو بے روزگار کرنے کی اجازت ہر گز نہیں دی جائے گی۔