کرکٹ ورلڈ کپ ڈو اینڈ ڈائی مرحلہ، شاہین کیویز پر جھپٹنے کو تیار
برمنگھم:آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ میں پاکستان ٹیم آج اہم ترین میچ میں نیوزی لینڈ کے مدمقابل ہوگی، میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے شروع ہوگا۔
سیمی فائنل میں پہنچنے کیلئے گرین شرٹس کی جیت ضروری ہے اور اگر کیوی ٹیم میچ جیت گئی تو وہ سیمی فائنل میں پہنچ جائےگی۔
ورلڈکپ کپ کی تاریخ میں نیوزی لینڈ کیخلاف پاکستان کا پلڑا بھاری ہے، دونوں ٹیمیں اب تک ورلڈکپ میں 8 بار مدمقابل آچکی ہیں جن میں سے پاکستان نے 6 اور نیوزی لینڈ نے صرف دو میچز جیتے ہیں۔
قومی ٹیم کے پاس اب غلطی کی گنجائش نہیں ہے،
کھلاڑیوں کو کیچز بھی پکڑنے ہوں گے، رن آؤٹ کے چانسس بھی نہیں چھوڑنے ہوں گے، بولرز کو بھی وکٹیں گرانا ہوں گی۔
برمنگھم کے موسم کی بات کی جائے تو گزشتہ روز موسم میچ کے لیے اچھا نہیں تھا اور پورے دن بارش ہوتی رہی جس کے سبب وکٹ کو کور کردیا گیا تھا اور دونوں ٹیموں نے انڈور پریکٹس کی لیکن آج میچ میں بارش کا امکان تو نہیں ہے لیکن موسم آبر آلود رہے گا۔
واضح رہے کہ گرین شرٹس کو کیویز کے بعد بنگال ٹائیگر اور افغانستان کا چیلنج درپیش ہوگا، جبکہ انگلینڈ کے اگلے دو میچز مضبوط حریفوں بھارت اور نیوزی لینڈ سے ہیں، انگلینڈ کی شکست قومی ٹیم کی سیمی فائنل میں رسائی آسان بنادے گی۔
کیوی ٹیم میگا ایونٹ کی ناقابل شکست ٹیم ہے اور اس نے پوائنٹس پر 11 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کررکھی ہے۔
پوائنٹس ٹیبل پر نظر ڈالی جائے تو قومی ٹیم نے اب تک 6 میچز کھیلے ہیں جس میں سے دو میچز جیتے، تین میں شکست ہوئی اور ایک میچ بارش کی نذر ہوا، قومی ٹیم کے 5 پوائنٹس ہیں۔