لاہور(نمائندہ خصوصی)غیرقانونی گردوں کی پیوند کاری نے ایک اور جان لے لی۔ معروف اداکار عمر شریف کی بیٹی کی موت غیرقانونی پیوندکاری کے دوران حالت خراب ہونے سے ہوئی ہے۔ اہل خانہ کی درخواست پر پی ہوٹا نے چاررکنی کمیٹی تشکیل دیکر کارروائی کا آغا زکردیا
پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹ اتھارٹی غیرقانونی گردوں کی پیوندکاری روکنے میں ناکام ہوگئی ہے۔ معروف اداکار اور کامیڈین کی بیٹی حرا عمر ڈاکٹروں کی غفلت کے باعث جاں بحق ہوگئی،ذرائع کے مطابق حرا عمر نے آزاد کشمیر سے گردوں کی پیوند کاری کرائی آپریشن کے بعد اسکی حالت غیر ہوگئی

حرا عمر کو کچھ دن زیر علاج رکھنے کے بعد لاہور کے پرائیویٹ اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں پانچ روز زیر علاج رہنے کے بعد وہ دم توڑ گئی،،،حرا کے بھائی جواد عمر کی درخواست پر پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹ اتھارٹی نے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر عدنان کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
چاررکنی کمیٹی میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر ٹیکنیکل ڈاکٹر مدثر، ڈاکٹر عثمان جاوید اورویجیلنس انسپکٹر محمد ندیم طارق شامل ہیں۔ کمیٹی تین روز میں رپورٹ پیش کرے گی۔ اداکار عمر شریف امریکہ سے لاہور پہنچے اور ماڈل ٹائون میں نمازجنازہ کے بعد حراکو سپرد خاک کردیا گیا۔