لاہور(کرائم رپورٹر) انویسٹی گیشن پولیس ساندہ نے چند روز قبل ہونیوالی اندھے قتل کی واردات کا سراغ لگا کرمقتول کے سگے بھتیجے سفاک ملزم کاشف کو گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ڈاکٹر انعام وحید خان نے شہری فیاض کے اندھے قتل کی واردات کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی انویسٹی گیشن اقبال ٹاؤن نوید ارشاد کو واقعہ میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا۔ ایس پی اقبال ٹاؤن انویسٹی گیشن نے انچارج انویسٹی گیشن ساندہ اکرام حسین اور دیگر اہلکاروں پر مشتمل پولیس ٹیم تشکیل دی جس نے شب و روزکی انتھک محنت، تمام دستیاب وسائل اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے زمین کے تنازعے پر سگے چچا فیاض کو قتل کرنے والے اس کے بھتیجے کاشف کو گرفتارکر لیا ہے۔ملزم کاشف نے دوران تفتیش اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایا کہ اس نے اپنے چچا فیاض جو کہ رکشہ چلاتا تھا کوچلتے ہوئے رکشے کے اندر سر میں فائر مار کر قتل کر دیا تھا۔مقتول فیاض کا ملزم کاشف کے بہنوئی کے ساتھ زمین کا تنازعہ چل رہا تھا۔ ملزم کاشف کو اپنی بہن کا گھر خراب ہونے کا خدشہ تھااس لیے اس نے اپنے سگے چچافیاض کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا۔ملزم کاشف قتل کی واردات کو ڈکیتی کا رنگ دینے اور اس کی شناخت چھپانے کے لیے مقتول فیاض کا سارا سامان اپنے ساتھ لے گیا تھا۔ ایس پی اقبال ٹاؤن انویسٹی گیشن نوید ارشاد نے اندھے قتل کی واردات کو ٹریس کرکے ملزم کی گرفتاری پر پولیس ٹیم کے لیے نقد انعامات اور تعریفی اسناد کا اعلان کیا ہے۔