برمنگھم: آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ کے 33ویں میچ میں پاکستان نے ورلڈ کپ کی ناقابل شکست ٹیم نیوزی لینڈ کو وکٹوں سے ہرا دیا۔
پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز امام الحق اور فخر زمان نے کیا لیکن پاکستانی اوپنرز ٹیم کو اچھا آغاز فراہم نہ کر سکے اور دونوں کھلاڑی 44 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔ محمد حفیظ بھی 32 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
شاہین شاہ آفریدی اپنی شاندار بولنگ کی بدولت مینز کرکٹ ورلڈکپ میں بہترین بولنگ کرنے والے تیسرے ٹین ایجر بن گئے ہیں۔
تین کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد بابراعظم اور حارث سہیل نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔
بابراعظم نے ورلڈ کپ میں پاکستان کی جانب سے پہلی سنچری اسکور کی جب کہ حارث سہیل نے ایک بار پھر شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی۔
حارث سہیل 49 ویں اوور میں 68 رنز بنا کر مارٹن گپٹل کی شاندار تھرو پر رن آؤٹ ہو گئے۔
پاکستان نے نیوزی لینڈ کی جانب سے دیا گیا 238 رنز کا ہدف آخری اوور کی پہلی ہی گیند پر پورا کیا۔ بابر اعظم 101 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے جب کہ کپتان سرفراز احمد نے وننگ شاٹ کھیل کر پاکستان کو فتح سے ہمکنار کیا۔