
شاہ زیب اشفاق
تو قادر و عادل ہے مگر تیرے جہاں میں…
ہیں تلخ بہت بندہ مزدور کے اوقات…
دنیا بھر میں آج مزدوروں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے. یہ دن امریکی شہر شگاگو میں مزدوری کے اوقات کار 8 گھنٹے مقرر کروانے کی کٹھن اور خونریز جدوجہد کی یاد میں منایا جاتا ہے. پاکستان میں لیبر ریفارمز کا آغاز 1972 میں ہوا. اور اسی دن سے پاکستان میں یکم مئی کو یوم مزدور منانے کا آغاز کیا گیا. یوم مزدور پر سرکاری اور غیر سرکاری اداروں میں عام تعطیل ہوتی ہے. مگر افسوس کہ محنت کش مزدور ہاتھوں میں مزدوری کے اوزار اٹھائے اپنے دن سے لاعلم مزدوری کی تلاش میں پھرتے ہیں اور سڑکوں، فیکٹریوں سمیت دیگر جگہوں پر مزدوری میں مشغول نظر آتے ہیں. یکم مئی پر لیبر ڈے کے حوالے سے تقاریب اور ریلیوں کا اہتمام کیا جاتا ہے مگر کبھی بھی کسی مزدور کو بلایا نہیں جاتا. مزدوروں کے عالمی دن پر جہاں عام تعطیل ہوتی ہے وہیں دو وقت کی روٹی کی تلاش میں نکلنے والا محنت کش آج بھی روزگار کی تلاش میں دربدر کی ٹھوکریں کھا رہا ہے. محنت سے کمانے والا اللہ کا دوست ہوتا ہے. اسلام میں مزدور کے حقوق کو واضح طور پر بیان ہیں. مگر ہمارے معاشرے کا مزدور ان تمام حقوق سے محروم ہے. سرکار دوجہاں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا مزدوروں کو اس کے کام کی اجرت پسینہ خشک ہونے سے پہلے دیں. مگر افسوس اسلامی جمہوریہ پاکستان کے مزدوروں کا پسینہ خشک بھی ہوجاتا ہے اور گھر کا چولہا بھی نہیں چلتا.
دوسروں کے گھروں کو روشن کرنے والے مزدور کے گھر میں امید کے علاوہ روشنی کی کوئی کرن نہیں ہوتی. درودیوار میں رنگ بھرنے والے مزدور کی زندگی بے رنگ ہوتی ہے. بڑے بڑے گھروں میں دن رات لوگوں کو آرام پہنچانے والوں کا اپنا ٹھکانا کوئی نہیں. لوگوں کے بچوں کو بڑے بڑے سکول لانے اور لے جانے والوں کے اپنے بچے تعلیم کے زیور سے محروم رہتے ہیں. تعلیمی اداروں میں ملک کے مستقبل کی حفاظت کرنے والے کے اپنے بچوں کا مستقبل غیر محفوظ ہے.
اس ملک کے مزدور صرف ایک سوال کرتے ہیں تعمیر و ترقی کے خواب دکھانے والے شیش محل میں بیٹھے ہوئے مزدوروں کی باتیں کرتے ہیں لیکن حقیقت میں مزدوروں کا خیال کب آئے گا یہ سوال باقی ہے.
نوٹ:قلم کلب ڈاٹ کام اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں۔
اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 500 سے 1,000 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ newsdesk@e.qalamclub.com پر ای میل کردیجیے
